ٹمکورو5مئی(ایس او نیوز؍یواین آئی) وزیراعظم مودی جو کرناٹک کے انتخابی دورے پر ہیں،نے نشاندہی کی کہ عوام سے ان کے جلسوں میں تاحال کافی غیر معمولی تعاون حاصل ہوا ہے ۔انہوں نے یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں لوک سبھا انتخابات کے دوران یہاں منعقدہ جلسوں سے زیادہ اس مرتبہ جلسوں میں بڑھتے ہوئے ہجوم کو دیکھ کر جذباتی ہوگیا ہوں ۔انہوں نے سداگنگامٹھ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے وزیراعظم بننے کے بعد یہاں کے دورے کو یاد کیا ۔مودی نے سرکردہ ڈرامہ نگار جی ویرنا اور عظیم آرکیٹکٹ جاناچاریہ کو بھی یاد کیا۔یہ الزام لگاتے ہوئے کہ کانگریس حکومت نوجوانوں کی مہارت سے استفادہ میں ناکام ہوگئی ہے ،مودی نے کہا کہ مرکز نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے فوڈ پروسیسنگ یونٹس قائم کئے ہیں۔اس کے لئے رقمی الاٹمنٹ کو 700کروڑروپے سے بڑھا کر 1400کروڑروپئے کردیا گیا۔حکمران جماعت کانگریس کے وزراء کی دلچسپی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے بجائے اپنے جیب بھرنے میں ہی ہے ۔ٹمکورو کو مرکز کے باوقار اسمارٹ سٹی پروگرام میں شامل کیا گیا اور اس کی بہ حیثیت مجموعی ترقی کے لئے 835کروڑ روپئے جاری کئے گئے تاہم سدرامیا حکومت نے صرف 12کروڑ روپئے ہی صرف کئے ہیں ،بقیہ رقم کہاں گئی ، نہیں معلوم ۔یہ کہتے ہوئے کہ 80,000کروڑروپئے کی رقم آدھار کارڈ سے استفادہ کرتے ہوئے راست بینک میں منتقل کرتے ہوئے بچائی گئی ہے ،مودی نے کہاکہ درمیانی افراد اوروزرا ء جو رشوت خوری میں ملوث ہیں،بہبودی پروجیکٹس کے لئے جاری کردہ رقم کو روک دیا۔